120526135032 wali khan 304 - صحافی کے قتل کا ملزم ہلاک
کراچی میں پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو مشتبہ افراد سے مقابلے کے دوران ایک صحافی کے قتل میں ملوث مطلوب ملزم ہلاک ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک نجی ٹیلیویژن کے رپورٹر ولی خان بابر کو گزشتہ سال جنوری میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ ان کے قتل میں ملوث ملزمان میں لیاقت نامی ملزم بھی مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کلفٹن میں سی ویو کے قریب چار مشتبہ افراد سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو ملزمان اور ایک پولیس اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس افسر شفیق تنولی کا کہنا ہے کہ ہسپتال پہنچ کر ایک مشتبہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا جس کی شناخت لیاقت کے نام سے کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لیاقت شہری حکومت میں ملازم تھے اور وہ ولی خان بابر کے مقدمۂ قتل میں مطلوب تھے۔ پولیس کے بقول لیاقت کی گاڑی ولی خان بابر کے قتل میں استعمال ہوئی تھی۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر ولی خان بابر کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں اپوا سکول کے قریب نامعلوم افراد نے گھات لگا کر گزشتہ برس تیرہ جنوری کو ہلاک کر دیا تھا۔ انہیں بعد ازاں بلوچستان کے شہر ژوب میں سپردخاک کیا گیا تھا۔
پاکستان میں گزشتہ دہائی کے آغاز میں الیکٹرانک میڈیا کی آمد کے بعد کراچی میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ تھا۔