کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ آئندہ ماہ ختم ہونے سے قبل پاکستان سپر لیگ کے کمرشل اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ کے ٹائیٹل اسپانسر شپ،کو اسپانسر شپ اور ان اسٹیڈیا رائیٹس کے لئے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے درخواستیں مانگ لی ہیں۔پی سی بی تین سال کے لئے اپنے کمرشل حقوق فروخت کرے گا۔26مارچ سے شروع ہونے والی لیگ میں دنیا کے صف اول کے کرکٹرز کی شرکت کا دعوی کیا جارہا ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کمرشل معاملات درست سمت میں جارہے ہیں اور فروری ختم ہونے سے قبل کھلاڑیوں سے معاہدہ بھی ہوجائے گا۔دیگر تمام معاہدے طے کر لئے جائیں گے۔فرنچائز کا اعلان بھی ایک ہفتے میں کردیا جائے گا۔ایک فرنچائز کھلاڑیوں کو خریدنے پر تقریبا سات لاکھ بیس ہزار ڈالرز خرچ کر سکے گی۔کھلاڑیوں کی نیلامی اس طرح کی جائے گی تاکہ ٹیموں میں توازن پیدا کیا جائے اور ایک ٹیم میں تمام بڑے کھلاڑی نہ ہوں۔دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف نے ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے خدشات کو دور کرنے کے لئے ایک کھلاڑی کو بیس لاکھ ڈالرز کا انشورنس کور فراہم کیا جائے گا۔جو غیر ملکی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی انہیں بھی انشورنس کور دیا جائے گا۔