پیرس( آن لائن )ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے سات بار کے چیمپئن لانس آرمسٹرانگ نے سائیکلوں کے ٹائر بدلنے کا کام شروع کر دیا۔ ڈوپ ٹیسٹ پازیٹو آنے پر پابندی لگنے کے بعد امریکی سائیکلنگ سٹار لانس آرمسٹرانگ کی اپنی ساکھ بہتر بنانے کے لئے یہ پہلی کوشش ہے جو انہوں نے ایک میگزین کے لئے بنائی جانیوالی ویڈیو میں کام کر کے دکھائی۔ اس میں آرمسٹرانگ یہ بھی کہتے نظر آئے کہ تشہیری اسکرپٹ انہوں نے تحریر نہیں کیا۔اس سے پہلے لانس آرمسٹرانگ کا اوپرا انفرائے کے ساتھ انٹرویو میں دنیا بھر میں 2 کروڑ 80 لاکھ افراد نے دیکھا تھا۔اس اہم انٹرویو میں آرمسٹرانگ نے ٹورڈی فرانس ایونٹس میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کی غلطی کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد انہیں یو ایس اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی جانب سے تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔