اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جلد ہماری باری آنے والی ہے اور جھوٹا ٹولہ جانے والا ہے، تحریک انصاف میں دوبارہ الیکشن کرائیں گے، پرچی پر پارٹی بیٹے کو منتقل کرنا جمہوریت نہیں بادشاہت ہے۔

اتوار کو دھرنے میں عمران خان کے بیٹوں سلمان خان اور قاسم خان نے بھی شرکت کی۔ عمران خان نے پارٹی کا جھنڈا اتار کر اپنے بیٹے کے گلے میں ڈالتے ہوئے کہا کہ میں آصف زرداری کی طرح پرچی پر پارٹی بیٹے کو منتقل نہیں کر سکتا کیونکہ یہ جمہوریت نہیں بادشاہت ہے، اب جلد ہماری باری آنے والی ہے جھوٹا ٹولہ جانے والا ہے، اقتدار میں آ کر اقلیتوں کو طاقتور بنائیں گے، ان کی عبادت گاہوں پر قبضہ کرنا زیادتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم جلد پارٹی الیکشن دوبارہ کرائیں گے جس میں کسی کو اعتراض نہیں ہو گا۔