مولانا فضل الرحمان پر حملے کے ملزم گرفتار نہ ہونے پر جے یو آئی نے وزیر داخلہ چودھری نثار کے استعفی کا مطالبہ کر دیا۔ حافظ حسین احمد کہتے ہیں کہ اگر وہ مستعفی نہیں ہوتے تو انہیں برطرف کیا جائے۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال کے علاوہ کوئٹہ میں مولانا فضل الرحمان پر ہونے والے خود کش حملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنماء حافظ حسین احمد نے بریفنگ دی اور کہا کہ

حکومت مولانا فضل الرحمان پر حملے کے ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔ اس لئے چودھری نثار مستعفی ہو جائیں۔ اگر وہ مستعفی نہیں ہوتے تو انہیں ان کے عہدے دے برطرف کیا جائے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ حکومت اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود ملک میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہے۔