کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے سپر ہائی وے پر کامیاب کارروائی کرکے ایک ٹرک سے اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اے این ایف کے اہلکاروں نے سپر ہائی وے پر کراچی ٹول پلازہ کے قریب شک کی بناء پر ایک ٹرک کو روکا جب اس کی تلاشی لی گئی تو اس کے خفیہ خانوں سے 2 ہزار کلو گرام سے زائد چرس اور 12 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اے این ایف نے ٹرک ڈرائیور سمیت 3 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں گرفتار افراد کا تعلق قلعہ سیف اللہ سے ہے۔

اے این ایف نے کراچی میں ہی 2 نجی کورئیر کمپیوں کے دفاتر میں چھاپے مار کر افیون اور ہیروئن بھی برآمد کی۔ اے این ایف کے مطابق برآمد برآمد منشیات کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں اربوں روپے بنتی ہے۔

واضح رہے کہ اے این ایف نے گزشتہ ماہ بھی 3 کامیاب کارروائیاں کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھی۔