اسلام آباد: تحریک انصاف نے فیصل آباد میں کارکن کی ہلاکت کے خلاف پنڈی ایکسپریس وے اور مال روڈ لاہور پراحتجاج شروع کردیا جس کے باعث دونوں شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں نے فیصل آباد میں ورکرکی ہلاکت کے خلاف پنڈی ایکسپریس وے پراحتجاج کرتے ہوئے تمام چھوٹی بڑی گاڑیاں روک لیں، مشتعل کارکنوں نے احتجاج کے دوران شاہراہ پر ٹائر بھی نذر آتش کئے جس کے باعث دفاتر سے اپنے گھروں کو جانے والے ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر مری روڈ اور ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک کے دباؤ کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔



دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنان نے لاہور کے مال روڈ پر احتجاج شروع کردیا، مشتعل کارکنوں نے گاڑیوں کو روک لیا اور وہاں ٹائروں کو آگ لگا دی۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت کی جانب سے ہدایت تک احتجاج جاری رہے گا۔