m9.jpg
ﷺ
مجھ پہ جب لطفِ شہِ کون و مکاں ہو جائے گا
چرخ سا نا مہرباں بھی مہرباں ہو جائے گا
نامِ نامی آپ کا وردِ زباں ہو جائے گا
دور ہر اندیشۂ سود و زیاں ہو جائے گا
شوقِ دل تنہا چلا ہے جانبِ طیبہ مگر
ہوتے ہوتے ایک دن یہ کارواں ہو جائے گا
اوج بخشے گا مجھے ذکرِ شہِ لوح و قلم
ایک دن عجزِ سخن حسنِ بیاں ہو جائے گا
جب مِرے دل کی زمیں پر آپ رکھیں گے قدم
اس زمیں کا ذرہ ذرہ آسماں ہو جائے گا
گامزن ہو گا زمانہ اسوۂ سرکار پر
راستے کا ذرہ ذرہ کہکشاں ہو جائے گا
ذہن کیا مدحت کرے ممدوحِ داور کی ایاز
بند کیا کوزے میں بحرِ بیکراں ہو جائے گا؟
٭٭٭