m84.jpg
ﷺ
نعت شہ والا
ہر ایک سے رتبہ ترا بالا ، شہ والاؐ
اللہ کے بعد افضل و اعلیٰ ، شہ والاؐ
ہر لفظ نے پائی تری توصیف میں ڈھل کر
تابندگی لولوئے لالا ، شہ والاؐ
محکوم کا غمخوار ہے،مظلوم کا حامی
مخلوق کے دکھ بانٹنے والا ، شہ والاؐ
ہوتا ہے ترے دبدبہ صدق و یقیں سے
ہر قصر ضلالت تہ و بالا ، شہ والاؐ
اِس تیرگی جہل و جفا میں ترے باعث
پھیلا ہے محبت کا اجالا ، شہ والاؐ
ظلمت کدہ دل میں ترے دست کرم نے
پر نور سویروں کو اچھالا ، شہ والاؐ
سیراب کیا تو نے صفا کا چمنستاں
تجھ سے ہیں معطر گل و لالہ ، شہ والاؐ
دے کر بنی آدم کو سر افرازی توحید
تشکیک کی دلدل سے نکالا ، شہ والاؐ
ہر دور میں تیرا ہی پیام سبق آموز
انسان کو دیتا ہے سنبھالا ، شہ والاؐ
خالد پہ ہے تیرا کرم لامتناہی
یہ بھی ہے ترا چاہنے والا ، شہ والاؐ