صدر مملکت عارف علوی نے سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان سے نوازا
صدرمملکت عارف علوی سے ملاقات کیلئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ایوان صدر پہنچے جہاں پروقار تقریب میں معزز مہمان کو پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان عطا کیا گیا.

پاکستان کے دورے پر آئے سعودی ولی عہد آج وزیراعظم کے ہمراہ ایوان صدر پہنچے، شاہی مہمان کو بھرپور پروٹوکول کے ساتھ خصوصی بگھی میں سوار کر کے منزل پر پہنچایا گیا۔ اس دوران سعودی ولی عہد اور وزیراعظم خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے۔ ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت نے شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہا اور گرم جوشی سے ہاتھ ملایا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چودھری سمیت کابینہ اراکین، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سروسز چیفس بھی موجود تھے۔
a.jpg
ایوان صدر آمد پر شہزادہ محمد بن سلمان کو نشان پاکستان دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کے بعد صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان عطا کیا۔
تقریب کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا سمیت اعلی سول و فوجی حکام بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔