ڈیلرے بیچ اوپن:اعصام الحق پہلے راؤنڈ میں شکست سے دوچار
aa.jpg

دبئی ٹینس چیمپئن شپس سے اینجلیک کیربر اور گاربائن موگوروزا کا بھی صفایا ہو گیا

ڈیلرے بیچ،دبئی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے میکسیکن جوڑی دار سانتیاگو گونزالیز ڈیلرے بیچ اوپن کے مینز ڈبل ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں شکست سے دوچار ہوگئے جب انہیں آسٹریلیا کے نک کیرگیوس اور ان کے امریکی پارٹنر جیکسن ویتھرو نے چھ،چار اور سات،پانچ سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔اسی ٹورنامنٹ کے مینز سنگل مقابلوں میں نمبر چھ سیڈ اٹلی کے آندریاس سیپی نے آسٹریلیا کے جورڈن تھامپسن کو ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ ٹاپ سیڈ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو،امریکا کے رلی اوپیلکا،برطانیہ کے ڈین ایوانز،نمبر دو سیڈ امریکا کے جان آئزنراور نمبر آٹھ سیڈ فرانس کے ایڈریان منارینو نے دوسرے مرحلے میں جگہ بنا لی۔دبئی ٹینس چیمپئن شپس میں نمبر پانچ سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر کو تائیوان کی سو وائی سیہہ اور نمبر چھ سیڈ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا نے نمبر بارہ سیڈ اسپین کی گاربائن موگوروزا کو مات دے کر لاسٹ ایٹ راؤنڈ میں نشست پکی کرلی جہاں نمبر چار سیڈ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا،سلواکیہ کی ویرا کزمووا،اسپین کی کارلاسواریز نوارو،نمبر تین سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ اور نمبر دو سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا بھی کامیابی کی بدولت جا پہنچی ہیں۔برازیل میں جاری ریو اوپن کے پہلے راؤنڈ میں سربیا کے لیزلو ڈیرے نے ٹاپ سیڈ پلیئر آسٹریا کے ڈومینک تھیئم کو چھ،تین کے یکساں اسکور سے ٹھکانے لگا کر زبردست اپ سیٹ کردیا۔