طبقاتی نظام کا خاتمہ,پرائمری تک اردومیں تعلیم دی جائے گی: بزدار
a.jpg
ایلیٹ اور متوسط نجی سکولوں اور سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم بچوں کے درمیان کوئی طبقاتی تفریق نظر نہیں آئے گی انگریزی بطور مضمون پڑ ھایا جائیگا ، مڈل لیول پر سائنس ٹیکنالوجی متعارف کرائینگے ، پنجاب میں نئی تعلیمی پالیسی کا اعلان

لاہور،ملتان (سپیشل رپورٹر،خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نئی تعلیمی پالیسی ’’دی نیو ڈیل 2018-23 ‘‘ کا اعلان کر دیا۔ اس ضمن میں گزشتہ روز 90شاہراہ قائداعظم پر ‘‘دی نیوڈیل2018-23’’کی افتتاحی تقریب ہوئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 2 کروڑ 80 لاکھ طلبہ کا مستقبل حکومت کی حکمت عملی سے وابستہ ہے ۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرانتظام 52 ہزارسرکاری سکولوں میں ایک کروڑ 20لاکھ بچے زیرتعلیم ہیں۔ ہم ان بچوں کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنا کر ان کا مستقبل سنو ارنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی زبان ہی موثر ذریعہ ابلاغ ہوسکتی ہے اسی لئے ‘‘ دی نیو ڈیل’ ’ کے تحت پرائمری لیول تک قومی زبان اردومیں تعلیم دی جائے گی اور انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا۔اقبالیات کو نصاب میں شامل کرنا حکومت کا اعزازہے ۔ مڈل لیول پر سائنس ٹیکنالوجی ،انجینئرنگ، آرٹس اورریاضی کے رجحانات متعارف کرائے جائیں گے اوریہ ایسے اقدامات ہیں جن کے مفید نتائج سامنے آئیں گے اوراسی طرح امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ‘‘انصاف آفٹرنون سکول’’کا پروگرام تحریک انصاف کا اختراعی منصوبہ ہے اور اس پروگرام کے ذریعے سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے گا،اسی طرح انٹگریٹڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بھی متعارف کرایا جارہا ہے ۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ لازمی اورمفت تعلیم کیلئے خصوصی ایکٹ میں ضروری ترامیم کریں گے اورسکولوں میں صاف پانی ،جسمانی تربیت اورسپورٹس لازم ہوں گے ۔نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہر طالب علم کو رنگ و نسل، مسلک اور مذہب سے بالاتر ہو کر علم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہر قسم کے صنفی امتیاز کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہو گی۔جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں روجھان اور تونسہ سمیت پنجاب کے ہر دور دراز علاقے میں زیرتعلیم بچے کو وہی سہولتیں ملیں گی جو لاہور کے اچھے سرکاری سکول میں دستیاب ہیں۔نئی تعلیمی پالیسی کے نفاذ کے بعدطبقاتی تعلیم کا خاتمہ ہو گا۔ ایلیٹ پرائیویٹ سکولوں، متوسط نجی سکولوں اور سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم بچوں کے درمیان کوئی طبقاتی تفریق نظر نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ صرف طلبہ پر ہی نہیں اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے پروگرام بھی لارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ‘‘دی نیو ڈیل’’سے پنجاب میں تعلیمی انقلاب برپا ہوگا ۔ تمام اقدامات کوپایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ، نگرانی میں خود کروں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانیہ کی وزیربرائے بین الاقوامی ترقی اور بہبود خواتین پینی مور ڈانٹ نے ملاقات کی ۔ملاقات میں پنجاب حکومت اوربرطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈیفڈ) کے مابین سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیااورڈیفڈ نے موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ عثمان بزدار