دبئی ٹینس چیمپئن شپس میں کائی نشیکوری کی کامیاب پیش قدمی
a.jpg
دوسرے راؤنڈ میں جا پہنچے ،میکسیکن اوپن سے نمبر چھ سیڈ ماریہ سکاری باہر

دبئی،اکاپولکو(اسپورٹس ڈیسک)دبئی ٹینس چیمپئن شپس کے پہلے راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ جاپان کے کائی نشیکوری نے فرانس کے بینوئٹ پائرے کو چھ،چار اور چھ،تین سے ہرا دیا جبکہ مارکوس بغداتیس،ہیوبرٹ ہرکاکز،ڈیننس کڈلا،ریکارڈس بیرانکس اور ایگور گراسیموف بھی سیکنڈ راؤنڈ میں جا پہنچے ۔ میکسیکن اوپن کے ابتدائی راؤنڈ میں نمبر چھ سیڈ امریکا کے فرانس ٹیافو نے آسٹریلیا کے جورڈن تھامپسن کو تین، چھ، چھ، چار اور چھ،تین جبکہ نمبر سات سیڈ امریکا کے اسٹیو جانسن نے میکسیکو کے جیرارڈو لوپیز ویلاسینور کو سات،پانچ کے یکساں اسکور سے ٹھکانے لگا دیا اور سوئٹزرلینڈ کے اسٹینسلاس واورینکا، جرمنی کے پیٹر گوائیزک اور نمبر آٹھ سیڈ آسٹریلیا کے جان ملمین کے ساتھ دوسرے مرحلے میں جا پہنچے ۔اسی ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل ایونٹ میں نمبر تین سیڈ کروشیا کی ڈونا ویکچ،برطانیہ کی کیٹرین بولٹر،برازیل کی بیٹریز ہداد مائیا،پورٹو ریکو کی مونیکا پوئیگ اور چین کی یفان وانگ نے سیکنڈ راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا تاہم نمبرچھ سیڈ یونان کی ماریہ سکاری مات کھا گئیں۔ ساؤپالو میں جاری برازیل اوپن کے پہلے راؤنڈ میں اٹلی کے لورینزو سونیگو نے ارجنٹائن کے فیڈریکو ڈیلبونس کو چھ،چار اور ارجنٹائن کے مارکو ٹرنگلیٹی نے نمبر آٹھ سیڈ جاپان کے ٹارو ڈینیئل کو چھ،چار،تین،چھ اور سات،چھ سے مات دے کر دوسرے مرحلے میں قدم رکھ دیا۔امریکا میں شروع ہونے والی اوریکل چیلنجرز سیریز میں ہوم کنٹری کی ساچیا وکیری،کیٹی میک نالی،کرسٹی آہن،ایلی کک،بلجیم کی یانینا وکمیئر اور روس کی نٹالیا وخلیانٹسیوا نے پہلا پڑاؤ پار کرلیا۔