مصباح اور سیمی نے پشاور زلمی کو پلے آف مرحلے میں پہنچا دیا,گلیڈی ایٹرز سے ہار کر یونائیٹڈ "ڈینجرزون" میں داخل
1397648 17503046 - مصباح اور سیمی نے پشاور زلمی کو پلے آف مرحلے میں پہنچا دیا,گلیڈی

سابق قومی کپتان نے ناقابل شکست 59اور ڈیرن سیمی نے 46رنز بنا کر فتح ممکن بنائی،ناکام ٹیم لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی کی تین وکٹیں رائیگاں احمد شہزاد کی نصف سنچری سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 43رنز سے فتح یاب،مشکل ٹارگٹ کے سامنے اسلام آباد یونائیٹڈ کے حوصلے پست،لیوک رونکی کی ففٹی ضائع

ابوظہبی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں مصباح الحق نے پشاور زلمی کو پلے آف مرحلے میں پہنچا دیا،سابق قومی کپتان نے ہدف کے تعاقب میں ناقابل شکست 59اور ڈیرن سیمی نے 46رنز بنا کر فتح ممکن بنائی،ناکام ٹیم لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی کی تین وکٹیں رائیگاںچلی گئیں،احمد شہزاد کی نصف سنچری نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43رنز سے فتحیاب کرادیا،مشکل ٹارگٹ کے سامنے اسلام آباد یونائیٹڈ کے حوصلے پست ہو گئے ،لیوک رونکی کی ففٹی ضائع ہو گئی اوراس شکست کے بعد اسلام آباد کی ٹیم ڈینجر زون میں داخل ہوگئی جہاں سے وہ ایونٹ سے باہر بھی ہوسکتی ہے ۔شیخ زید سٹیڈیم پر کھیلے گئے ایونٹ کے 25ویں میچ میںلاہور قلندرزنے 7وکٹوں پر 124رنز بنائے ،حارث سہیل 43رنزبناکر ٹاپ سکورررہے ، عمیر مسعود نے 22اور ڈیوڈ وائز نے ناقابل شکست 26رنز بنائے ،ملز نے تین اور ثمین گل نے دو کھلاڑیوں کو برخاست کیا۔پشاور زلمی کی جوابی اننگز تباہی کی داستان بن گئی جب ابتدائی پانچ وکٹیں محض 20رنز پر گر گئیں لیکن لاہور قلندرز کے باؤلرز اس سنہری موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکے جب مصباح الحق کی استقامت اور ڈیرن سیمی کے تجربے نے سنچری شراکت کا اہتمام کر کے فتح کی راہیں ہموار کردیں۔کپتان ڈیرن سیمی نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46رنز بنائے لیکن مصباح الحق نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59رنز بنا کر اپنی ٹیم کو بارہ پوائنٹس کے ساتھ پلے آف مرحلے میں پہنچا دیا جس کیلئے انہیں مرد میدان بھی قرار دیا گیا۔شاہین شاہ آفریدی کی تین وکٹیں رائیگاں چلی گئیں ۔ ٹورنامنٹ کے 26 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 9وکٹوں پر180رنزبنائے،مرد میدان احمد شہزاد73رنزبناکر ٹاپ سکورررہے ۔ فہیم اشرف نے چار اور عماد بٹ نے تین کھلاڑی آؤٹ کئے ۔اسلام آباد کی ٹیم 20اوورز9وکٹوں پر137رنزبناسکی ، کیمرون ڈیلپورٹ 25 رنز ،لیوک رونکی 64 اورسمیت پٹیل 14 رنز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔فواد احمد نے تین جبکہ سہیل تنویر اور محمد حسنین نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں تاہم مرد میدان کا ایوارڈ احمد شہزاد لے اڑے ۔ اسلام آباد کی ٹیم کا ایک میچ باقی ہے جبکہ لاہوراور کراچی کے دو،دو میچز باقی ہیں ،اس صورتحال میں اسلام آباد کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں ۔