پاکستان میں خود کو سب سے زیادہ محفوظ سمجھ رہا ہوں:پارنیل
1399912 28125187 - پاکستان میں خود کو سب سے زیادہ محفوظ سمجھ رہا ہوں:پارنیل

جب سے پاکستان کی سرزمین پر پہنچا ہوں تب سے لوگوں سے متاثر ہورہا ہوں پاکستانیوں میں کرکٹ کے حوالے سے بہت جوش و جذبہ ہے :پروٹیز آل راؤنڈر

کراچی (سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر وین پارنیل نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے آپ کو دنیا میں سب سے زیادہ محفوظ سمجھ رہے ہیں۔ایک انٹرویو میں وین پارنیل کا کہنا تھا کہ میں جب سے پاکستان کی سرزمین پر پہنچا ہوں تب سے لوگوں سے متاثر ہورہا ہوں، ہم ہوٹل میں جب بھی اپنے کمرے سے باہر نکلتے ہیں تو لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ کیا ہمیں کسی چیز کی ضرورت تو نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے ماضی میں پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں سے یہاں لوگوں کی مہمان نوازی کے بارے میں پہلے ہی بہت کچھ سنا ہوا تھا لیکن اب خود یہ تجربہ کرکے بہت خوشی ہو رہی ہے ۔ پاکستانیوں میں کرکٹ کے حوالے سے بہت جوش و جذبہ ہے ،کراچی میں میچز کے انعقاد اور سکیورٹی کا تمام تر سہرا پاکستان کرکٹ بورڈ کو جاتا ہے ۔وین پارنیل نے بتایا کہ وہ اردو سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے ایک سے لے کر دس تک گنتی بھی سنائی۔وین پارنیل نے کہا کہ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے چند نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں کھیلتا دیکھ رہا ہوں۔