انضمام الحق کی ورلڈ کپ 2019ء کے فارمیٹ کی بھرپورحمایت
1399923 88789141 - انضمام الحق کی ورلڈ کپ 2019ء کے فارمیٹ کی بھرپورحمایت

شو پیس ایونٹ کے دوران کسی بھی ٹیم کے پاس تن آسانی کا موقع نہیں ہوگا،چیف سلیکٹر

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019ء کے دس ٹیموں پر مشتمل سنگل گروپ فارمیٹ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تمام شریک ٹیموں کو اپنی اہلیت ثابت کرنے کا یکساں موقع ملے گا تاہم شو پیس ایونٹ کے دوران کوئی بھی ٹیم تن آسانی یا کاہلی کی متحمل نہیں ہو سکے گی۔سابق قومی کپتان انضمام الحق کا کہنا تھا کہ یہ فارمیٹ تمام ٹیموں کی طرح عدم تسلسل میں مبتلا پاکستانی ٹیم کیلئے بھی فائدہ مند ہوگا لیکن اس کے تحت افغانستان کو بھی آسان سمجھنے کے بجائے اسی طرح کھیلنا ہوگا جیسے آسٹریلیا کا مقابلہ کیا جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کیلئے کم بیک کرنے کا چانس ہوگا جس نے ایونٹ کا آغاز اچھی طرح نہ کیا ہو کیونکہ ہر ٹیم کو دیگر 9 حریفوں کا سامنا کرنا ہوگا اور وہ اس کی حمایت اس وجہ سے بھی کر رہے ہیں کہ آئی سی سی کے آزمائے ہوئے دیگر فارمیٹس زیادہ کامیاب نہیں رہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ 2007ء میں ایک خراب دن آئرلینڈ کیخلاف ناکامی نے پاکستانی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کرا دیا لیکن موجودہ فارمیٹ پاکستانی ٹیم کیلئے موزوں ہوگا جسے کارکردگی کے عدم تسلسل کیلئے شہرت حاصل ہے جس کی مثال ورلڈ کپ 1992ء بھی تھا جو سنگل گروپ کے تحت کھیلا گیا اور پاکستان نے ٹائٹل کامیابی حاصل کی۔ انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ اس بار ان کے پاس بہترین پلیئرز کا گروپ موجود ہے اور اگر بیٹنگ لائن لڑکھرائی تو بہترین بالنگ اٹیک اس کی مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ہوگا۔