آسٹریلیا کیخلاف سیریز سرفراز احمد گھر بیٹھ کر دیکھیں گے
1401027 82119373 - آسٹریلیا کیخلاف سیریز سرفراز احمد گھر بیٹھ کر دیکھیں گے

آرام کی ضرورت ہے لہٰذا قومی ٹیم کے ساتھ جانے کا کوئی ارادہ نہیں،قومی کپتان

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے میچز گھر بیٹھ کر دیکھیں گے جنہوں نے واضح کردیا ہے کہ انہیں آرام کی ضرورت ہے لہٰذا ان کا قومی ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔واضح رہے کہ سرفراز احمد کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں آرام کرانے کا معاملہ سنجیدہ صورتحال اختیار کرگیا ہے تاہم قومی کپتان نے معاملہ فہمی سے کام لیتے ہوئے کراچی کنگز کیخلاف میچ کے بعد میڈیا پر واضح کردیا کہ ان کا پاکستانی ٹیم کے ساتھ جانے کا قطعی کوئی ارادہ نہیں اور وہ گھر بیٹھ کر میچز دیکھیں گے ۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹور کیلئے ان سمیت پاکستانی ٹیم میں شامل نہ کئے جانے والے تمام چھ پلیئرز کو مسلسل کرکٹ کے بعد آرام کی ضرورت تھی اور فیصلہ سازی کے اعتبار سے چیف سلیکٹر،ہیڈ کوچ اور انتظامیہ ایک ہی صفحے پر ہے اور انہیں امید ہے کہ منتخب کھلاڑی آسٹریلیا کیخلاف بہترین کارکردگی پیش کریں گے ۔پی ایس ایل کے اختتامی میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں ناکامی پر ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے بہت زبردست میچ کھیلا جس کا شائقین نے بھی بھرپور لطف اٹھایا لیکن میچ ان کے ہاتھوں سے اچانک ہی نکل گیا اور یہ بات بھی ثابت ہوئی کہ کوئی بھی ٹیم ٹورنامنٹ کو آسان نہیں لے سکتی اور تمام ٹیموں کو ہر میچ اہم سمجھ کر کھیلنا ہوگا۔