آسٹریلیا کیخلاف چھ پلیئرز کا ریسٹ حیران کن ہے ،شاہد آفریدی
کینگروز کیخلاف اہم سیریز کے نتائج کا ورلڈ کپ بھی کافی اثر پڑ سکتا ہے ،سابق کپتان
کراچی (رپورٹ:طارق حسین)سابق قومی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کیلئے بڑی حیرانگی کی بات ہو گی کہ سرفراز احمد کو ان کی مرضی کے خلاف دورہ آسٹریلیا میں آرام دیا گیا ہے کیونکہ اگر سرفراز احمد کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کی باہمی مشاورت کے ساتھ ریسٹ کا موقع دیا گیا ہے تو ایک الگ بات ہے ورنہ دوسری صورت میں یہ بڑی نامناسب سی بات ہو گی۔ ایک سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر بنگلہ دیش،آئرلینڈ یا زمبابوے جیسی ٹیموں کیخلاف یہ سیریز ہوتی تو کسی کو بھی آرام دیا جاسکتا تھا لیکن آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کیخلاف کپتان سمیت چھ اہم کھلاڑیوں کو ریسٹ دینا انتہائی حیران کن بات ہے ۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آسڑیلیا کی ٹیم آسان نہیں اور ورلڈ کپ سے قبل ہونے والی اس اہم ترین سیریز کے نتائج کا میگا ایونٹ پر بھی کافی اثر پڑ سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے دوران انگلش کنڈیشنز میں پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اہل ہو گی اور وہ اس کے ٹائٹل جیتنے کی امید کر سکتے ہیں لیکن اس کیلئے موثر کامبی نیشن تشکیل دینا اہم ہوگا کیونکہ عالمی کپ میں مقابلے آسان ہرگز نہیں ہوں گے ۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں ان کی ٹیم ملتان سلطان کے باہر ہونے کے بعد وہ اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپورٹر بن گئے ہیں اور اس کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے گراؤنڈ کا چکر اس وجہ نہیں لگایا کہ وہ کرکٹ چھوڑ رہے ہیں بلکہ کراچی میں طویل عرصے بعد کھیلنے پر شائقین اور پرستاروں کی خاطر ایسا کیا۔