سبزچائے مفید بیکٹیریا کو بڑھا کر موٹاپے کو روکنے کیلئے کارگر
سبز چائے کے مفید اثرات سے ایک دنیا واقف ہے اور اب اس میں موٹاپا کم کرنے کی ایک اور خاصیت کا انکشاف بھی ہوا ہے ۔
لاس اینجلس(نیٹ نیوز)سبز چائے کے مفید اثرات سے ایک دنیا واقف ہے اور اب اس میں موٹاپا کم کرنے کی ایک اور خاصیت کا انکشاف بھی ہوا ہے ۔ کولمبس میں واقع اوہائیو سٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے اپنی تلاش میں یہ دیکھنے کی کوشش کی کہ سبزچائے آخرکس طرح سے موٹاپے اور اس سے وابستہ کیفیات پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ ہماری غذا اور عادات کئی طرح سے موٹاپے پر اثر انداز ہوتی ہیں، اس پیچیدہ عمل کوجاننے کیلئے ماہرین نے آٹھ ہفتوں تک نر چوہوں کو دو گروہوں میں تقسیم کیا، پہلے گروہ کو معیاری غذا دی گئی جبکہ دوسرے گروہ کو موٹاپا لانے والے روغنی کھانے کھلائے گئے۔ ماہرین نے دونوں گروہ کے چوہوں میں سبزچائے کے اجزا بھی شامل کئے ۔ آٹھ ہفتوں بعد ماہرین نے معدے کی ایک کیفیت ’’لیکی گٹ‘‘ کو بھی نوٹ کیا جو مضر اثرات کی وجہ بنتی ہے اور ہاضماتی نظام میں بیکٹیریا کی موجودگی اور جسم میں موٹاپے سے وابستہ چربی کا بھی جائزہ لیا۔ جن چوہوں کو دیگرغذاؤں کے ساتھ سبزچائے کے مرکبات دیئے گئے ان کے وزن میں دوسرے چوہوں کے مقابلے میں 20 فیصد کم اضافہ ہوا، اس سے معلوم ہوا کہ سبزچائے معدے کے بیکٹیریا پر اثرانداز ہوکر فربہی روکتی ہے ۔