باکسنگ کے ابتدائی شواہد

حمد شاہد
دورِ قدیم میں باکسنگ سب سے پہلے 23 ویں اولمپک کھیلوں (688 ق م) میں رسمی طور پر شامل کی گئی تاہم انسانوں کے مابین مُکوں سے لڑائی کا کھیل زمانہ قبل از تاریخ سے جاری ہے۔ باکسنگ کا پہلا تصویری اظہارتختی پر نقاشی سے ہوتا ہے جو تیسری صدی ق م کی ہے اور سمیری دور کے عراق میں تیار کی گئی۔ قدیم مصر میں لگ بھگ 1350 ق م پرانے کندہ نقوش ملے ہیں جن میں دو باکسروں اور شائقین دکھائی دے رہے ہیں۔ دورقدیم میں باکسنگ ہاتھوں پر کچھ چڑھائے بغیر ہوتی تھی۔ دستانوں یا ہاتھوں کو کوّر کر کے باکسنگ کے شواہد بحرِ اوقیانوس کے جزیرے کریٹ (تقریباً 1500 ق م قدیم) سے ملے ہیں۔ یہاں کے ظروف پر نقش و نگار سے پتا چلتا ہے کہ باکسنگ کے کھلاڑیوں نے ہیلمٹ پہنے ہیں اور مُکوں کے گرد کچھ لپیٹا ہوا ہے۔ اس کھیل کے قواعد و ضوابط کے اولین شواہد قدیم یونان سے ملتے ہیں۔ ان قدیم مقابلوں میں راؤنڈ نہیں ہوتے تھے۔ مقابلہ اس وقت تک جاری رہتا جب تک ایک کھلاڑی انگلی اٹھا کر شکست تسلیم نہ کر لیتا یا مزید مقابلہ جاری رکھنے کے قابل نہ رہتا۔ مقابل کو کونے میں دبوچنا سختی سے منع تھا۔ مقابلے کھلے میدان میں ہوتے۔ ابتدائی بڑے مقابلوں میں تمام طبقا ت کے افراد حصہ لیتے تاہم زیادہ تر باکسروں کا تعلق دولت مند اور اعلیٰ خاندانوں سے ہوتا۔