ظہیرعباس پی ایس ایل سمیت تمام ٹی ٹوئنٹی لیگز سے مایوس
مختصر فارمیٹ کی کرکٹ بہ مشکل ہی معیاری بیٹسمین فراہم کر سکتی ہے ،سابق کپتان
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز سے مایوس سابق قومی کپتان ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ بہ مشکل ہی معیاری بیٹسمین فراہم کرسکتی ہے اور انہیں خدشہ ہے کہ عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کے شعبے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایک گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ معیاری بیٹسمینوں کی فراہمی کے حوالے سے وہ پی ایس ایل سمیت تمام ٹی ٹوئنٹی لیگز سے بری طرح مایوس ہو چکے ہیں کیونکہ ایسے ایونٹس سے معیاری بیٹسمین کبھی تلاش نہیں کئے جا سکتے کیونکہ ان میں کھیلنے والے بیٹسمین محض چند اوورز تک کریز پر قیام کی اہلیت رکھتے ہیں۔آئی سی سی کے سابق صدر نے واضح کیا کہ اگر کوئی بیٹسمین پورے 20 اوورز تک کھیلتا ہے تو اس پر نگاہ رکھی جا سکتی ہے لیکن بدقسمتی سے اکثر بیٹسمین اپنی استعداد کار اور قدرو قیمت کو ثابت کرنے کیلئے کریز پر زیادہ دیر قیام ہی نہیں کر پاتے ۔پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے صدر نے اعتراف کیا کہ عالمی سطح پر کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم کا کام کر رہی ہیں جہاں سے انہیں نام بنانے کے بعد اپنی قومی ٹیموں میں جگہ بھی مل جاتی ہے لیکن ان کی پائیداری پر بدستور سوالیہ نشان رہتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا اہم مقصد پاکستان کو نئی صلاحیت فراہم کرنا ہے اور ینگسٹرز کو مواقع بھی مل رہے ہیں لیکن مسئلہ یہی ہے کہ ان پر اہم مواقع کیلئے بھروسہ ممکن نہیں اور ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار ہو سکتی ہے ۔