بڑی کامیابی کے لئے لازم
بڑی کامیابی کے لئے لازم ہے کہ آپ اس میدان میں فوری طور پر مسئلوں کا حل تجویز کرنے اور ان کو پوری شدومد سے لاگو کرنے کی صلاحیت سے مالامال ہوں۔ سب سے عمدہ بات یہ ہے کہ مسئلے حل کرنے کی صلاحیت کو سیکھا جاسکتا ہے ۔ مسائل کا حل نکالنے وقت کچھ باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ مثلاً مسائل کے حل تجویز کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی حتمی اور فوری رائے دینے کو حرام سمجھیں ۔کیونکہ دنیا کے کسی مسئلے کا کوئی حل حتمی ہو نہیں سکتا۔ کچھ مدت بعد دنیا کا اعلیٰ ترین حل بھی دوبارہ توجہ کا متقاضی ہوتا ہے کہ اسے بہتر بنایا جائے۔ ان کی نوعیت میں ذرا سا بھی فرق ہو تو تجویز کردہ حل بے سود ہو کر رہ جاتا ہے۔ مسائل کے حل کرنے کے عمل میں جذباتی اور سطحی سوچ سے بچ کر رہیں اور خالص سائنسی اندازِ فکر کو اپنا لیں تاکہ غلطی کا امکان کم سے کم ہو جائے۔مسائل کا تجزیہ کرتے وقت آپ ہر قسم کے تعصب سے پاک ہوں یعنی یہ نہ دیکھیں کہ کون کہہ رہا ہے بلکہ اپنی پوری توجہ اس بات پر لگائیں کہ کیا کہہ رہا ہے؟ یعنی افراد پر نہیں بلکہ ان کے افکار پراپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ مسائل کا حل سکھانے کے لئے اب تو بہت سے کورسز ، ڈپلومے اور ڈگریاں دستیاب ہیں جن سے اگر آپ کامیابی سے گذر جائیں تو اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیئے کہ آپ کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت میں بہت زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
مسائل کو حل کرنے کی سائنس
تحریر : پرفیسر ضیا ء زرناب
کے مضمون سے اقتباس